ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : بینک منیجر پر لگا 90.19 لاکھ روپے غبن کا الزام

منگلورو : بینک منیجر پر لگا 90.19 لاکھ روپے غبن کا الزام

Tue, 06 Aug 2024 11:56:07    S.O. News Service

منگلورو،  6 / اگست (ایس او نیوز) بجپے پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایک شکایت کے مطابق کرناٹکا وکاس گرامین بینک کٹیل برانچ کے منیجر دنیش ہیگڑے پر الزام ہے کہ اس نے 90.19  لاکھ روپوں کا غبن کیا ہے ۔
    
ریجنل منیجر ڈوٹیہال کی جانب سے درج کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ دنیش ہیگڑے 25 مئی 2021 سے 13 مئی 2024 تک کرناٹکا وکاس بینک کی کٹیل شاخ میں برانچ منیجر کے عہدے فائز تھا ۔ اس دوران اس نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور جعلی دستخطوں کے ساتھ  نقلی زیورات گروی رکھ کر اپنے ذاتی استعمال کے لئے قرضہ حاصل کیا ۔ اس طرح دنیش ہیگڑے نے جعلی دستاویزات کے سہارے بینک اور اس کے گاہکوں کو دھوکہ دیا ۔ 
    
دنیش کی دھوکہ بازی اس وقت سامنے آئی جب سوما سوورنا نامی خاتون نے اس بینک میں پہلے سے گروی رکھے گئے اپنے زیورات پر مزید قرضہ طلب کرتے ہوئے درخواست دی ۔ جب بینک کے موجودہ منیجر نے گروی والے زیورات بینک کے لاکر سے نکال کر دوبارہ معائنہ کیا تو وہ زیورات نقلی نکلے ۔ اس معاملے کی بنیاد پر جب گہرائی اسے جانچ پڑتال کی گئی تو گاہکوں کی طرف سے زیورات گروی رکھ کر قرضہ حاصل کیے گئے 30 کھاتوں میں نقلی زیورات منسلک کیے گئے تھے ۔ 
    
تفصیلی جانچ سے پتہ چلا کہ دنیش نے اصلی زیورات کو نقلی زیورات سے بدل دیا تھا ۔ اس کام کے لئے اس نے بینک میں سونے کی جانچ کرنے والے ماہر سنار کی نقلی دستخط استعمال کی ۔ اس نے بعض فوت شدہ افراد کے نام سے بھی نقلی کھاتے بنوائے اور اس میں نقلی زیورات پر قرضہ منظور کرکے اسے اپنی بیوی اور اپنے دوست کے نام پر خود ہی حاصل کیا ۔ ٹھیکے کی بنیاد پر ملازمت کر رہے بینک کے ملازمین کے نام پر بھی اس نے نقلی زیورات گروی رکھ کر پیسے اٹھائے ۔ 


Share: